Blogroll

header ads

وزیراعظم نے ریپ کے مجرموں کو 'نامرد' کرنے کا قانون لانے کی منظوری دیدی

وفاقی کابینہ نے زیادتی کے واقعات میں ملوث مجرمان کی سخت سزاؤں پر مشتمل سفارشات کی اصولی منظوری دے دی۔۔۔.

حکومت کا چینی کمیشن رپورٹ کی سفارش پر ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے چینی کمیشن رپورٹ میں آئے ناموں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔۔۔

کیا چکن میں بھی کورونا وائرس پایا جاتا ہے؟

پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن نے چکن میں کورونا وائرس کی موجودگی کی افواہوں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔۔۔

گنجے مردوں میں کورونا سے متاثر ہونے کے خطرات زیادہ ہوتے ہیں، تحقیق؟

یک تازہ تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گنجے مردوں میں کورونا سے متاثر ہونے کے خطرات زیادہ ہوتے ہیں۔۔۔

ملالہ یوسف زئی کا بھی امریکی سیاہ فام کی ہلاکت پر انصاف کا مطالبہ

پاکستان کی نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے بھی امریکی سیاہ فام کی ہلاکت پر آواز بلند کردی۔۔

بینظیربھٹوکیخلاف ٹوئٹ کرنیوالی امریکی خاتون پر مقدمے کی درخواست

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق وزیراعظم بینظیربھٹو کے خلاف توہین آمیز ٹوئٹ کرنے والی امریکی خاتون کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر پولیس سے جواب طلب کرلیا۔

اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر ایڈیشنل سیشن جج عابدہ سجاد نے سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل چوہدری زاہد آصف نے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان میں مقیم امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی نے ٹوئٹر پر بےنظیربھٹو کے خلاف توہین آمیز الفاظ تحریرکیے اور  بیہودہ تبصرہ کیا۔

درخواست گزار کے وکیل کے مطابق پولیس امریکی خاتون کےخلاف مقدمہ درج کرنے سے انکاری ہے۔

اس حوالے سے عدالت نے پولیس حکام سے 8 جون تک جواب طلب کر لیاہے۔

پاکستان اسٹیل کے ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دینے کی منظوری

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاکستان اسٹیل ملز کے 9100 ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دینے کی اصولی منظوری دے دی۔

 اسلام آباد میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ای سی سی نے پاکستان اسٹیل ملز کے9100 ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دینے کی اصولی منظوری دی اور فیصلہ کیا گیا کہ گولڈن ہینڈشیک دیے جانے والے ملازمین کو تمام واجبات فوری ادا کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق اسٹیل ملز کے ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دینے کے منصوبے کی سپریم کورٹ سے منظوری لی جائے گی جب کہ ذرائع نے بتایا ہے کہ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری اس سلسلے میں پہلے ہی فیصلہ دے چکی ہے۔

ذرائع  نے مزید بتایا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے  اسٹیل ملز ملازمین کو نوکریوں پر برقرار رکھنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے، جب کہ ریٹائر کیے جانے والے ملازمین کو واجبات کی ادائیگی کے لیے وزارت خزانہ 20ارب روپے فراہم کرے گی۔

دوران اجلاس ای سی سی نے مختلف محکموں کے لیے سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری بھی دی ۔

ای سی سی نے ویسٹرن بارڈر منیجمنٹ کے لیے 8 ارب 84 کروڑروپےکی تکنیکی گرانٹ کی منظوری دی ، یہ رقم سول آرمڈ فورسز کی استعداد کار بہتر بنانے پر خرچ کی جائے گی۔

اس کے علاوہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کے لیے20 کروڑ روپے کی تکنیکی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔

کے الیکٹرک نے لوڈشیڈنگ میں اضافے کا عندیہ دیدیا



کراچی: کے الیکٹرک نے لوڈ شیڈنگ میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق گرمی بڑھنے اور کاروباری سرگرمیوں کے آغاز سے بجلی کی طلب بڑھی ہے جس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ ناگزیر ہوگئی ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک نے بتایا کہ ادارے کو فرنس آئل کی مطلوبہ سپلائی میسر نہیں ہے اور اس کی کمی کی وجہ سے بجلی کی پیداواری صلاحیت متاثر ہوئی ہے جس سے کراچی میں لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ ہوسکتی ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ فرنس آئل کی سپلائی بہتر ہوتے ہی بجلی کی پیداوار میں بھی بہتری کی امید ہے۔

دوسری جانب شہریوں نے اپنے ردعمل میں غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک بجلی کا مصنوعی بحران پیدا کر رہی ہے کیونکہ کراچی میں کئی کئی گھنٹوں کے لیے بجلی کی لوڈشیڈنگ پہلے ہی معمول ہے۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ ہر موسم گرما میں مصنوعی بحران پیدا کرکے حکومت سے فنڈز مانگے جاتے ہیں اور اب  ایوریج اور ڈبل بلنگ کے ذریعے شہریوں کو لوٹا جارہا ہے۔


کراچی کو شدید آندھی نے اپنی لپیٹ میں لے لیا

کراچی کو شدید آندھی نے اپنی لپیٹ میں لے لیا اور پورا شہر کافی دیر تک گرد آلود ہواؤں کی لپیٹ میں رہا۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سسٹم ملک سے گزررہا ہے، گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے، شہر کے شمالی حصے میں تھنڈر اسٹارم سیلز بن گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آندھی 54سے 74کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلی۔

طوفانی ہواؤں کے بعد بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ صدر، گلستان جوہر، لیاری، اورنگی ٹاؤن، ملیر، نیوکراچی،کورنگی و دیگر علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی۔

تیز ہوائیں چلنے کے بعد محکمہ موسمیات کے دفتر کی بجلی بھی معطل ہوگئی۔

وزیراعظم کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک نہ پہنچنےکا نوٹس

وزیراعظم  عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک نہ پہنچنے کا نوٹس لے لیا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم نے اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں فوری کمی کا حکم دیا ہے۔

 وزیراعظم عمران خان نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا بھی نوٹس لیا اور کہا کہ گندم کی کٹائی کے فوری بعد آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی جواز نہیں لہٰذا وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکرٹریز ذاتی دلچسپی لے کر معاملے کو دیکھیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام کو پہنچایا جائے اور صوبے روزانہ کی بنیاد پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر نظررکھیں۔

وزیراعظم عمران خان نے نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی قائم کردی جس کے چیئرمین وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ہوں گے جبکہ کمیٹی میں تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز بھی شامل ہوں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی ہفتہ وار اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پرنظر رکھے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کافاعدہ عام آدمی تک پہنچایا جائے۔

خیال رہے کہ نیشنل پرائس کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کابینہ اجلاس میں ہوا تھا جس کے بعد وزیراعظم آفس نے مراسلہ چاروں چیف سیکرٹریز اور مشیر خزانہ کو بھجوایا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی جس کے بعد 90 روز میں پیٹرول کی قیمت میں 43 اور ڈیزل کی قیمت میں 47 روپے کمی ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود اشیائے ضرویہ کی قیمتیں آسمان پر موجود ہیں۔

عدالت نے نیب کو شہباز شریف کو گرفتار کرنے سے روک دیا

عدالت نے نیب کو شہباز شریف کو گرفتار کرنے سے روک دیا
لاہور ہائیکورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں شہباز شریف کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت جسٹس طارق عباسی اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل 2 رکنی بنچع نے کی۔

شہباز شریف کی طرف سے اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے جب کہ نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر سید فیصل رضا بخاری عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ درخواست گزار شہباز شریف کہاں ہیں؟ جس پر شہباز شریف کے وکیل نے کہاکہ وہ کمرہ عدالت میں موجود ہیں اور کینسر کے مریض ہیں۔

عدالت نے پوچھا کہ کیا آپ کو گرفتاری کا خدشہ ہے ؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ نیب نے جو ریکارڈ مانگا وہ دے دیا پھر بھی نیب گرفتاری کے لیے بے تاب ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ شہباز شریف کے خلاف کیس کس اسٹیج پر ہے؟ جس پر ان کے وکیل نے بتایا کہ شہباز شریف کے خلاف کیس انوسٹی گیشن کی اسٹیج پر ہے۔

عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے پوچھا کہ کیا نیب شہباز شریف کی درخواست ضمانت کی مخالفت کرتا ہے؟ سید فیصل بخاری نے جواب دیا کہ نیب شہباز شریف کی ضمانت کی مخالفت کرے گا۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد نیب کو 17 جون تک شہباز شریف کی گرفتاری سے روک دیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں شہباز شریف کی لاہور میں رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا تاہم وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔

شہباز شریف کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں ضمانت قبل ار گرفتاری کی درخواست دائر کی گئی تھی جس میں چیئرمین نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔

نیب کا شہباز شریف کی گرفتاری کیلئے رہائش گاہ پر چھاپہ




آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں عدم پیشی پر قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور کی ٹیم نے شہباز شریف کی گرفتاری کیلئے ان کی رہائش گاہ پر پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ چھاپہ مارا تاہم شہباز شریف گھر میں موجود نہیں تھے۔

اطلاعات کے مطابق نیب لاہور کی ٹیم نے ماڈل ٹاؤن میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور قومی اسمبلی کے موجودہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا اور تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک گھر کے اندر موجود رہے تاہم انہیں بتایا گیا کہ شہباز شریف گھر میں موجود نہیں ہیں جس کے بعد ٹیم وہاں سے روانہ ہوگئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اب نیب کی ٹیم شہباز شریف کی گرفتاری کیلئے جاتی عمرہ روانہ ہوئی ہے۔

نیب ٹیم کی آمد سے قبل علاقے کو کورڈن آف کردیا گیا تھا اور کارکنوں کو آگے بڑھنے سے روکنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔

اطلاعات کے مطابق نیب کی ٹیم میں تین خواتین اہلکار بھی موجود تھیں جبکہ ٹیم کی سربراہی نیب کے ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری محمد اصغر کررہے تھے۔

اطلاع ملتے ہی مسلم لیگ ن کے کارکنان بڑی تعداد میں ماڈل ٹاؤن میں شہباز شریف کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہوگئے اور حکومت کیخلاف نعرے بازی کی۔

شہباز شریف کی گرفتاری کا کوئی جواز نہیں، عطا تارڈ

مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڈ کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کوگرفتارکرنے کا کوئی جوازنہیں، نیب نے 28 مئی کا دستخط شدہ گرفتاری کا وارنٹ دکھایا گیا۔

عطاتارڑ نے بتایا کہ  شہبازشریف کی گرفتاری کا نہ کوئی اخلاقی جوازہے اورنہ قانونی، ایک کیس میں ایک شخص کی دوبار گرفتاری کیسےممکن ہے؟

 عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ آج نیب میں تحریری جواب جمع کرایا، ہم نے نیب کو کہا کہ ہم وڈیو لنک پر موجود ہیں، نیب کو ہر سوال کا تفصیلی جواب جمع کرایا ، ہم ڈٹ کر کھڑے ہیں، آدھی پارٹی حکومت نے بند کی، ہماری آدھی پارٹی تقریباً جیل کاٹ آئی ہے، ہم ڈٹ کر ان کا مقابلہ کریں گے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت سیاسی انتقام لے رہی ہے، نیب اور نیازی کا گٹھ جوڑ سامنے آگیاہے، کل ہائیکورٹ میں 12 بجے شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوگی، تمام قانونی آپشنز دیکھ رہےہیں۔

شہباز شریف کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں، فیاض چوہان

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض چوہان کا کہنا ہے کہ نیب کی کارروائی کو وزیراعظم عمران خان سےجوڑنے کی کوشش کی جارہی ہے، نیب احتساب کا آزاد ادارہ ہے، شہبازشریف کی گرفتاری سے وفاقی اورصوبائی حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں۔

معلوم نہیں شہباز شریف کہاں ہیں، رانا ثنا اللہ

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا نے کہا ہے کہ شہبازشریف کی درخواست کل سماعت کے لیے مقررہوگئی ہے، مجھے معلوم نہیں شہبازشریف کہاں ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شہبازشریف کل عدالت میں 11 بجے پیش ہوں گے، شہبازشریف کیس میں پیش ہونے کیلئے لندن سے نہیں آئے، کورونا وبا کی روک تھام کے سلسلے میں نوازشریف کی ہدایت پرشہبازشریف لندن سےواپس آئے ہیں۔

خیال رہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف آج قومی احتسا ب بیورو (نیب)میں پیش نہیں ہوئے بلکہ تفصیلی جواب جمع کرادیا۔

نیب آفس لاہور میں شہباز شریف کی پیشی کیلئے کورونا سے بچاؤ کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے تاہم شہباز شریف پیش نہیں ہوئے۔

اپوزیشن لیڈرشہباز شریف نے نیب میں جواب جمع کرادیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس اس وقت اپنے عروج پر ہے، نیب کے کچھ افسران بھی کورونا کا شکار ہوچکے ہیں۔

شہبازشریف نے کہا کہ میری عمر 69 سال ہے اور کینسر کا مریض بھی ہوں، نیب تحقیقاتی ٹیم مجھ سے اسکائپ کے ذریعے سوالات کرسکتی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 4 مئی کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور کے سامنے پیش ہوئے تھے۔

شہباز شریف تقریباً دو گھنٹے تک نیب آفس میں موجود رہے تاہم نیب حکام نے کہا تھا کہ شہباز شریف منی لانڈرنگ سے متعلق سوالوں کے جواب نہ دے سکے اور انویسٹی گیشن ٹیم کو مطمئن نہ کر سکے لہٰذا انہیں 2 جون کو دوبارہ طلب کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی نیب نے شہباز شریف کو 17 اور 22 اپریل کو تحقیقات کیلئے طلب کیا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس کی انکوائری آخری مراحل میں ہے اور شہباز شریف سے سوالات کے جواب انتہائی ضروری ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی شہباز شریف کو نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اور رمضان شوگر مل کیس میں گرفتار کررکھا تھا تاہم لاہور ہوئیکورٹ نے 14 فروری 2019 کو ان کی ضمانت منظور کی تھی۔

شہباز شریف اپنے بھائی نواز شریف کے علاج کیلئے ان کے ہمراہ 19 نومبر 2019 کو لندن روانہ ہوئے تھے تاہم 22 مارچ کو وہ وطن واپس آگئے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا وبا کے خلاف عوام کے ساتھ مل کرمقابلہ کریں گے، میرا، نواز شریف کا اور ہمارے پورے خاندان کا جینا مرنا قوم کے ساتھ ہے۔