وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک نہ پہنچنے کا نوٹس لے لیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم نے اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں فوری کمی کا حکم دیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا بھی نوٹس لیا اور کہا کہ گندم کی کٹائی کے فوری بعد آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی جواز نہیں لہٰذا وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکرٹریز ذاتی دلچسپی لے کر معاملے کو دیکھیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام کو پہنچایا جائے اور صوبے روزانہ کی بنیاد پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر نظررکھیں۔
وزیراعظم عمران خان نے نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی قائم کردی جس کے چیئرمین وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ہوں گے جبکہ کمیٹی میں تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز بھی شامل ہوں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی ہفتہ وار اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پرنظر رکھے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کافاعدہ عام آدمی تک پہنچایا جائے۔
خیال رہے کہ نیشنل پرائس کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کابینہ اجلاس میں ہوا تھا جس کے بعد وزیراعظم آفس نے مراسلہ چاروں چیف سیکرٹریز اور مشیر خزانہ کو بھجوایا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی جس کے بعد 90 روز میں پیٹرول کی قیمت میں 43 اور ڈیزل کی قیمت میں 47 روپے کمی ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود اشیائے ضرویہ کی قیمتیں آسمان پر موجود ہیں۔
0 Comments:
Post a Comment