چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کورونا کے معاملے پر عوام کی جانیں بچانے کے بجائے معیشت بچانے کا ماڈل اپنایا گیا، وفاق نے وائرس کی روک تھام کی سندھ حکومت کی کوششوں کو سبوتاژ کیا ہے۔
سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا سے اموات کی شرح بھارت اور چین سے زیادہ ہے،کسی کو تو ذمہ داری اٹھانا ہوگی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہماری بات نہ مانیں مگر ان کی تو مانیں جو اس بیماری سے فرنٹ لائن پر لڑ رہے ہیں، وفاقی حکومت اعدادو شمار کے ساتھ کھیل کر عوام کو بے وقوف بنارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں پاکستان میں کورونا پھیل چکا اور روکنے کے لیے کچھ نہیں کرسکتے، لیکن کورونا وائرس پاکستان میں زبردستی پھیلایا گیا، ہم کوشش کر رہے تھے کورونا وائرس کو تیزی سے پھیلنے سے روکاجائے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت دیگر اہم شہروں میں کورونا پھیلنے سے روکنےکی ہماری کوششوں کو سبوتاژ کیاگیا، اسپتال کورونا مریضوں سے بھر رہے ہیں کس کو ذمہ دار ٹھہرائیں، وفاقی حکومت کی جانب سے عوام کو غلط معلومات دی جا رہی ہیں، عوام کو غلط معلومات دینے والوں کے خلاف ایف آئی آر کاٹنی چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں اور نرسز کی حفاظت ہماری ذمہ د اری ہے، کراچی اور دیگر جگہوں پر ڈاکٹروں اور نرسز پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں، پیپلزپارٹی وبا کانقصان جتنا کم کرسکتی ہے کرے گی، وفاقی حکومت اپنا رویہ درست کرے پاکستان میں جنگی صورت حال ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ڈاکٹروں اورنرسوں کو لاوارث چھوڑا ہے،وزیراعظم جو وزیر صحت بھی ہیں کتنی بار فرنٹ لائن کے ڈاکٹرز سے ملے ؟ پیپلز پارٹی ایک سال سے ٹڈیوں کا معاملہ وفاقی حکومت کے سامنے لانے کی کوشش کرتی رہی،وفاقی حکومت نے ہمیں ٹڈیوں کے معاملے پر بھی لاوارث چھوڑ دیا ہے۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 96 ہزار ہوچکی ہے جب کہ 1974 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
0 Comments:
Post a Comment